Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

پاکستان کا 79واں یومِ آزادی: پاک فوج کے زیر اہتمام ملک بھر میں پرچم کشائی کی پروقار تقریبات

جی ایچ کیو سمیت مسلح افواج کے تمام ہیڈکوارٹرز میں قومی پرچم سربلند، شہداء کو خراجِ عقیدت، ملکی دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کے عزم کا اعادہ

راولپنڈی( آصف اقبال ) پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پاک فوج کی جانب سے ملک بھر میں پرچم کشائی کی پروقار اور شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی سمیت مسلح افواج کے تمام ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی تقریبات میں قومی پرچم سربلند کیا گیا۔پرچم کشائی کی تقریبات کے دوران قومی ترانے کی دھن پر فضا ملی جوش و جذبے سے گونج اٹھی۔ افسران اور جوانوں نے وطن عزیز سے والہانہ محبت اور قومی یکجہتی کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر پاکستان کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ وطن کی آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطن عزیز کے دفاع اور حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے پاک فوج کا ہر جوان مکمل عزم، حوصلے اور جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔تقریبات کے موقع پر کہا گیا کہ یومِ آزادی محض جشن منانے کا دن نہیں بلکہ تجدیدِ عہد کا موقع بھی ہے، جو ہمیں اپنے آباؤ اجداد اور شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے قومی جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں جاری رکھی جائیں گی اور ملک کے دفاع کو مزید مضبوط بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button