Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

پاکستان کی حقیقی طاقت اتحاد، اخوت اور قومی یکجہتی میں ہے، مریم اورنگزیب

یومِ آزادی پر پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیوروسciences میں پرچم کشائی، شہداء و غازیوں کو خراجِ عقیدت؛ صحت کے شعبے میں مزید بہتری کا عزم

لاہور ( آصف اقبال ) سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی آزادی ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں اور شہداء کے لہو کا ثمر ہے، اس عظیم ورثے کی حفاظت ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ پاکستان کی حقیقی طاقت اتحاد، قربانی، مساوات، اخوت، رواداری اور قومی یکجہتی میں ہے، ملک اتحاد اور امن کے ذریعے ہی ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔مریم اورنگزیب نے یومِ آزادی کے موقع پر پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیوروسciences میں پرچم کشائی کی اور ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 1947ء میں قیامِ پاکستان کے لیے ہمارے بزرگوں نے بے مثال قربانیاں دیں، جبکہ قیامِ پاکستان کے بعد بھی ملک کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے لیے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے قربانیاں پیش کیں۔سینئر صوبائی وزیر نے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضا میں یومِ آزادی منا رہے ہیں۔ حصولِ آزادی کے بعد اب آزادی، خودمختاری اور قومی وقار کا تحفظ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی خودمختاری، قومی وقار اور قومی مفادات کے دفاع کا عزم مزید مضبوط کیا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مؤقف اور قومی وقار کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے پر وزیراعظم اور ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔مریم اورنگزیب نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور افواجِ پاکستان کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع، سلامتی اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے افواجِ پاکستان نے قابلِ فخر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے معرکۂ حق میں کامیابی پر تمام سولجرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آج دنیا میں امن کے فروغ اور قیام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ کا پاکستان وہ پاکستان ہے جہاں ہر شہری کو بلاامتیاز برابر حقوق، عزت اور مواقع حاصل ہوں۔ مذہب، رنگ، نسل اور زبان سے بالاتر ہو کر تمام پاکستانی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں برابر کے شریک ہیں۔ آزادی کا تقاضا ہے کہ ہم اختلافات سے بالاتر ہو کر بھائی چارے، رواداری اور اتحاد کو فروغ دیں اور ایک مضبوط، خوشحال، پرامن اور متحد پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں عوامی خدمت، ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مزید تیز کیا جا رہا ہے۔ پنجاب کے ہر شہر میں اسپتالوں اور صحت کے نظام پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیوروسciences کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مریم اورنگزیب نے ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل اسٹاف، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور پرنسپل کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ پبلک سروس کے تحت اسپتال کی تمام سروسز انتہائی شاندار انداز میں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ صحت مند قوم ہی مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت ہے۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اسپتال میں نئی اسکین مشین کی منظوری دے دی ہے، جس سے مریضوں کو مزید بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز، نرسز اور ہیلتھ ورکرز قوم کی خدمت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ حکومت پنجاب عوام کو جدید اور معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔نوجوانوں کو پاکستان کا مستقبل قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کی تعمیر و ترقی میں آگے آئیں اور اپنی صلاحیتوں کو پاکستان کی خدمت کے لیے بروئے کار لائیں۔ آج کا دن وطن سے وفاداری، تجدیدِ عہد اور قومی ذمہ داری کا دن ہے، ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔سینئر صوبائی وزیر نے پوری قوم کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، ہمیں اس نعمت کی قدر، حفاظت اور ترقی کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button