صدر آصف علی زرداری کا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم

اسلام آباد (آصف اقبال) صدر مملکت آصف علی زرداری نے مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے اور عالمی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ یہ تاریخی معاہدہ تینوں برادر اسلامی ممالک کی مشترکہ دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط بنائے گا اور محفوظ، مستحکم اور خوشحال مستقبل کے لیے ان کے مشترکہ عزم کا اعادہ ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے اہم پیش رفت کو ممکن بنانے میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو قابلِ ستائش قرار دیا۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور برادر اسلامی ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور مشترکہ دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس تاریخی معاہدے کو برکتوں سے نوازے اور اسے تینوں برادر ممالک اور پوری مسلم امہ کے لیے امن، سلامتی، استحکام اور خوشحالی کا ذریعہ بنائے۔صدر آصف علی زرداری نے مسلم امہ کی سلامتی، دائمی امن اور خوشحالی کے لیے بھی دعا کی۔



