Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

’’ایک پر حملہ تینوںملکوں پر حملہ تصور ہوگا‘‘سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کا تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدہ

اسلام آباد( آصف اقبال ) سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے مشترکہ دفاع کو مضبوط بنانے اور خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے تاریخی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کر دئیے۔مکہ مکرمہ کے قصر الصفا میں منعقدہ مشترکہ دفاع کے لیے سربراہی اجلاس کی میزبانی سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے کی۔ اجلاس میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شرکت کی۔مشترکہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں تینوں ممالک کے درمیان دیرینہ تاریخی، برادرانہ اور اسلامی یکجہتی پر مبنی تعلقات، مشترکہ تزویراتی مفادات اور دفاعی شعبے میں جاری تعاون کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان اور پاکستانی وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ معاہدے کا مقصد تینوں ممالک کی اجتماعی سلامتی کو مزید مستحکم کرنا اور خطے سمیت دنیا بھر میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کو عملی شکل دینا ہے۔معاہدے کی اہم شق کے مطابق تینوں ممالک میں سے کسی ایک کے خلاف مسلح حملہ تینوں ممالک کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا، جس کے تحت فریقین مشترکہ دفاع کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔مشترکہ دفاعی معاہدہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کے تمام شعبوں کو مزید وسعت دینے اور مضبوط بنانے کی ضمانت بھی فراہم کرتا ہے۔تینوں ممالک نے اس معاہدے کو اپنی اجتماعی سلامتی کے تحفظ، باہمی دفاعی تعاون کے فروغ اور ایک محفوظ، پُرامن اور خوشحال مستقبل کے مشترکہ وژن کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button