Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

مریم نواز کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا 36واں اجلاس،اہم فیصلے کئے گئے

لاہور ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 36واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر کابینہ نے مبارکباد پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مسلم لیگ (ن) نے سادہ اکثریت حاصل کی اور کشمیری عوام نے نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔اجلاس میں امن و امان، زراعت، تعلیم، ٹرانسپورٹ اور انتظامی اصلاحات سے متعلق متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ کچہ کے علاقے میں گزشتہ نومبر سے اغوا برائے تاوان سمیت سنگین جرائم کی شرح صفر رہی، جبکہ 30 برس بعد علاقے میں امن بحال ہوا ہے۔ پولیس کے لیے جدید اسلحہ اور حفاظتی آلات کی خریداری کے لیے 1.1 ارب روپے، کچہ میں تعینات اہلکاروں کے لیے ہارڈ ایریا الاؤنس اور شہداء پیکیج کے قواعد میں نرمی کی بھی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کچہ میں پہلی بار کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔کابینہ نے اپنا کھیت، اپنا روزگار پروگرام کے تحت 30 ہزار زرعی لاٹس کی الاٹمنٹ کی منظوری دی، جبکہ بتایا گیا کہ ایک لاکھ 71 ہزار درخواستوں میں سے 60 ہزار امیدوار اہل قرار پائے۔ وزیراعلیٰ نے گندم کی بوائی کی حوصلہ افزائی اور گندم کی دستیابی سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ اچھی فصل کے باوجود قلت کا تاثر تشویشناک ہے۔اجلاس میں صوبہ بھر میں 900 سیکرٹری یونین کونسل کی بھرتیوں، لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کو محکمہ تعلیم کے ماتحت کرنے اور سرکاری دکانوں کی تفصیلی رپورٹ طلب کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے میٹرک امتحانات میں شفافیت کو سراہتے ہوئے ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ اور اساتذہ کو مبارکباد دی، جبکہ بیٹیوں کی 78 فیصد کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ دسمبر تک پنجاب میں 1100 الیکٹرو بسیں فراہم کی جائیں گی اور ہر ضلع و تحصیل تک جدید پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت پہنچائی جائے گی۔ انہوں نے عاشورہ اور چہلم کے دوران بہترین انتظامات، مون سون بارشوں اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے مؤثر اقدامات، جیل اصلاحات اور پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ میں اصلاحات پر متعلقہ وزراء اور افسران کی کارکردگی کو بھی سراہا۔کابینہ اجلاس میں نیشنل ویٹ پالیسی 2026-2030 کا جائزہ لیا گیا، جبکہ میڈیکل انٹری ٹیسٹ سے متعلق سفارشات مرتب کرنے کے لیے چار رکنی وزارتی کمیٹی قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ مقامی سرمایہ کاروں کی بھی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button