Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

کوئٹہ: حکومت اور تاجروں کے درمیان مذاکرات کامیاب، احتجاج موخر کرنے کا اعلان

کوئٹہ ( آصف اقبال ) صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے انجمن تاجران بلوچستان کے رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر برادری معاشرے کا اہم طبقہ ہے اور ان کے مسائل کا حل حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے اور تاجروں نے احتجاج ریکارڈ کرانے کے بعد حکومت کے ساتھ مذاکرات کیے، جن کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔میر ضیاء اللہ لانگو نے بتایا کہ تاجروں کے تحفظات دور کرنے کے لیے حکومت بلوچستان نے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے، جس میں ڈپٹی کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ بھی شامل ہوں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تاجروں کے جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔انجمن تاجران بلوچستان رجسٹرڈ کے صدر عبدالرحیم آغا نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 986 دکانداروں اور حلیم پلازہ سے متعلق مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، جس کے بعد احتجاج موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اپنے وعدوں پر عمل درآمد کرے گی۔وزیر داخلہ نے بلوچستان کی امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش نہ کی جائے، جبکہ سوشل میڈیا پر فیک نیوز کے ذریعے منفی پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر صوبے میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم حکومت قومی شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ ضرورت پڑنے پر کرفیو اور آپریشن سمیت تمام قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔میر ضیاء اللہ لانگو نے مزید بتایا کہ دہشت گرد کسی بھی موقع کو بدامنی پھیلانے کے لیے استعمال کرتے ہیں، جبکہ اسماء جتک کے والد کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے مختلف مقامات پر چھاپے مار رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button