Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

پاک چین دوستی باہمی اعتماد، احترام اور دیرینہ تعاون کی روشن مثال ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور( آصف اقبال) پنجاب اسمبلی میں پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے کی مناسبت سے تین روزہ تصویری نمائش کا افتتاح کر دیا گیا۔ نمائش کا افتتاح سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں اور چین کے قونصل جنرل سن یان نے مشترکہ طور پر کیا۔نمائش میں پاک چین دوستی، تاریخی تعلقات، سفارتی روابط اور مشترکہ ترقی کے سفر کو نادر تصاویر کے ذریعے پیش کیا گیا، جسے شرکاء نے دونوں ممالک کے مضبوط اور دیرینہ تعلقات کی مؤثر عکاسی قرار دیا۔افتتاحی تقریب میں صدر ینگ پارلیمنٹرینز فورم آمینہ حسن شیخ، چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ، چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاک چین دوستی باہمی اعتماد، احترام اور دیرینہ تعاون کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی نمائشیں نوجوان نسل کو دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات اور مشترکہ کامیابیوں سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کی اسٹریٹجک شراکت داری خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے لئے کلیدی حیثیت رکھتی ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون مستقبل میں مزید وسعت اختیار کرے گا۔چین کے قونصل جنرل سن یان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش میں سرخرو رہی ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط اور ثقافتی تبادلے اس مضبوط رشتے کو مزید مستحکم بنائیں گے۔تقریب کے دوران مختلف جامعات اور تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے نمائش کا دورہ کیا اور پاک چین تعلقات کے تاریخی سفر میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ شرکاء نے نمائش میں آویزاں نادر تصاویر کو پاک چین دوستی کی مضبوط تاریخ اور مشترکہ ترقی کی بہترین عکاسی قرار دیا۔تین روزہ تصویری نمائش عوام، طلبہ و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے کھلی رہے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button