Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

بشکیک: وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات، علاقائی امن و استحکام پر زور

لاھور ( آصف اقبال ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کے موقع پر کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ روابط مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مسعود پزشکیان نے رواں سال جون میں ایرانی صدر کے دورۂ پاکستان کے دوران ہونے والے فیصلوں اور طے پانے والی مفاہمت پر مؤثر عملدرآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔دونوں رہنماؤں نے علاقائی روابط کے فروغ اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط مزید بڑھانے کے لیے جاری کوششوں کا جائزہ لیا، جبکہ خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام اور استحکام کے لیے اپنی مخلصانہ سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حالیہ دورۂ تہران اور ان کے تعمیری روابط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہونے کی امید ہے۔وزیراعظم نے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے تحمل، ضبط و برداشت اور مسلسل سفارتی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (MoU) کے تحت طے پانے والی مفاہمت کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے یہی قابلِ عمل راستہ ہے۔ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان اور ایران کے تعلقات کو مضبوط اور پائیدار قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات صدیوں پر محیط مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہب کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔صدر پزشکیان نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کی تہران کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عصرِ حاضر کے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کو ان کی سہولت کے مطابق جلد از جلد پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔ صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو دسمبر 2026 میں تہران میں منعقد ہونے والے آئندہ اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی، جسے وزیراعظم نے قبول کیا۔ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ شریک ہوئے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت دیگر اعلیٰ ایرانی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button