سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر اور قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز سے ملاقات

لاہور ( آصف اقبال ) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے امریکی قونصل جنرل لاہور کی رہائش گاہ پر امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر اور امریکی قونصل جنرل لاہور اسٹیٹسن سینڈرز سے ملاقات کی، جس میں پاک امریکہ تعلقات، علاقائی امن و استحکام اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات باہمی اعتماد اور اہم شراکت داری پر استوار ہیں، جنہیں مزید مضبوط بنانے کے لیے مسلسل رابطوں اور باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک مؤثر پل کا کردار ادا کر رہی ہے، جبکہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور ارکانِ پارلیمنٹ کے باہمی رابطوں سے پاک امریکہ تعلقات اور تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے پاکستان اور امریکہ کے دیرینہ تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے باہمی روابط اور تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی، تجارتی، تعلیمی اور ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔امریکی قونصل جنرل لاہور اسٹیٹسن سینڈرز نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ سفارتی روابط اور پارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ملاقات میں تجارت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی، غذائی تحفظ اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل چودھری عامر حبیب، پلڈاٹ کے صدر احمد بلال محبوب، پرنسپل سیکرٹری برائے سپیکر عماد حسین بھلی، سپیکر کے ایڈوائزر اسامہ خاور اور ڈائریکٹر میڈیا برائے سپیکر پنجاب اسمبلی راؤ ماجد علی بھی موجود تھے۔



