وزیراعظم کا ایس ایم ایز کے لیے ایکسپورٹ کریڈٹ انشورنس کی سہولت کا خیرمقدم

لاہور ( آصف اقبال ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کے لیے برآمدی انشورنس کوریج فراہم کرنے کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ 3 ارب روپے کا رسک پول ایس ایم ایز کے لیے ایکسپورٹ کریڈٹ انشورنس تک رسائی کو وسعت دے گا اور کاروباری برادری کو برآمدات کا حجم بڑھانے میں سہولت ملے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے یہ انتہائی خوش آئند اقدام ہے، حکومت ملکی معیشت کو مضبوط بنانے اور برآمدات پر مبنی معیشت کے فروغ کے لیے اصلاحات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تنظیم نو اور اصلاحات کے بعد ای ڈی ایف کی قیادت نجی شعبے کے ماہرین کے سپرد کی گئی ہے جبکہ ای ڈی ایف کے پاس موجود 24 ارب روپے کاروباری برادری کی سہولت کے لیے سرمایہ کاری کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ای ڈی ایف میں تحقیق، اسکلز ڈویلپمنٹ اور مسابقت میں اضافے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ پاکستان کی یورپی مارکیٹ تک رسائی کے لیے GSP Plus اسٹیٹس میں توسیع کے حوالے سے بھی اقدامات جاری ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان اقدامات کے ذریعے پاکستان کو عالمی سطح پر سرمایہ کاری کا مرکز بنانے اور برآمدات میں اضافے کے حکومتی عزم کو عملی جامہ پہنانے میں مدد ملے گی۔



