Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب ودیگر وزراء نے محرم الحرام کے حوالےسے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

لاہور( آصف اقبال) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب، صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، بلال یاسین اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے بی بی پاکدامن مزار، پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کنٹرول روم اور محکمہ داخلہ کے صوبائی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے حوالے سے کیے گئے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بی بی پاکدامن مزار پر سکیورٹی اقدامات، زائرین کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات اور داخلی و خارجی راستوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے زائرین سے ملاقات کر کے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا، جس پر زائرین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے محرم الحرام کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔بعدازاں وفد نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں آئی جی پنجاب، ہوم سیکرٹری، سی سی پی او لاہور اور ایم ڈی سیف سٹی نے محرم الحرام کے سکیورٹی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر کے 43 سمارٹ سیف سٹی سنٹرز سے محرم کے سکیورٹی آپریشنز کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ 130 ڈرونز اور 5600 سے زائد کیمرے جلوسوں اور مجالس کی سرویلنس میں مصروف ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب سیف سٹی جدید ٹیکنالوجی اور اسمارٹ مانیٹرنگ سسٹمز کے ذریعے عوام کے تحفظ کو یقینی بنا رہا ہے۔ بریفنگ کے مطابق 400 سے زائد پینک بٹن فعال ہیں جبکہ تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ ہیں۔ سیف سٹی حکام صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز سے چوبیس گھنٹے رابطے میں ہیں۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اے کیٹیگری جلوسوں کے روٹس، فلیش پوائنٹس، ہیڈ اور ٹیل پوزیشنز پر جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کڑی نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ فیلڈ میں موجود پولیس افسران کو ایل ٹی ای ہینڈ سیٹس کے ذریعے سیف سٹی کیمروں کی لائیو فیڈ اور سکیورٹی الرٹس فراہم کیے جا رہے ہیں۔ امام بارگاہوں کی انتظامیہ کو کیو آر پینک بٹن کے ذریعے سیف سٹی کنٹرول روم سے فوری رابطے کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔سینئر وزیر پنجاب نے محکمہ داخلہ کے صوبائی کنٹرول روم میں صوبے بھر کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے لائیو بریفنگ حاصل کی۔ انہوں نے میڈیا وال کے ذریعے سموگ گنز کے مؤثر استعمال کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اور سیف سٹی کے درمیان مؤثر رابطہ اور تعاون کے ذریعے امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب وژن کے تحت عزاداروں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا رہا ہے اور جدید ٹیکنالوجی، اسمارٹ سرویلنس اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ذریعے محرم الحرام سکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button