بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان براہموس میزائل کی فروخت پر بات چیت جاری

بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان براہموس سپرسانک کروز میزائلوں کی خریداری کے لیے بات چیت جاری ہے۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ مذاکرات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں تاہم یہ تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات نے براہموس کے علاوہ بھارت کے فضائی دفاعی نظام آکاشتیر میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔خبررساں ایجنسی کے مطابق بھارتی حکام اورمتحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے اس معاملے پر تبصرے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔براہموس میزائل بھارت اور روس کا مشترکہ منصوبہ ہے اور یہ دنیا کے تیز ترین کروز میزائلوں میں شمار ہوتا ہے جسے زمین، سمندر اور فضا سے داغا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب آکاشتیر ایک مکمل خودکار فضائی دفاعی نظام ہے جسے بھارت کی سرکاری کمپنی بھارت الیکٹرانکس لمیٹڈ اور بھارتی فوج نے تیار کیا ہے۔خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے مشرق وسطیٰ میں جنگ کے دوران ایرانی حملوں کے بعد اپنی دفاعی صلاحیت بڑھانے کے لیے اسلحہ خریدنے کے منصوبے تیز کردیے ہیں، اس کے علاوہ اسے اپنی توانائی کی برآمدات کے لیے اہم گزرگاہ آبنائے ہرمز کا تحفظ بھی درکار ہے۔براہموس کی ممکنہ فروخت کے لیے بھارت کو روس کی منظوری درکار ہوگی کیونکہ یہ دونوں ممالک کا مشترکہ منصوبہ ہے، تاہم ذرائع کے مطابق روس اور متحدہ عرب امارات کے قریبی تعلقات کے باعث یہ کوئی بڑی رکاوٹ نہیں ہوگی۔



