مریم نواز کی دہشت گردی کے خلاف گفتگو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنا افسوسناک ہے مریم اورنگزیب

لاہور ( آصف اقبال ) سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی دہشت گردی کے خلاف اقدامات کے حوالے سے گفتگو کو سوشل میڈیا پر منفی انداز میں پیش کیے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مکمل گفتگو کے تناظر کو مسخ کرکے اسے صوبائیت اور لسانیت کا رنگ دینا قابلِ مذمت ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف دہشت گردوں کی بین الصوبائی نقل و حرکت اور اس سے پیدا ہونے والے خطرات کے حوالے سے بات کر رہی تھیں، تاہم بعض عناصر نے ان کے بیان کو دانستہ طور پر سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا اور اسے سیاسی نمبر اسکورنگ کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی۔سینئر صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف تمام صوبوں اور ان میں بسنے والی تمام اقوام کا احترام کرتی ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ کسی ایک صوبے یا قوم کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مشترکہ مسئلہ ہے، جس کا مقابلہ قومی یکجہتی، باہمی تعاون اور مؤثر حکمتِ عملی سے ہی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ انسدادِ دہشت گردی کے معاملے کو صوبائیت یا لسانیت سے جوڑنا انتہائی افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہے۔ دہشت گردی کے خلاف قومی کوششوں کو سیاسی اختلافات کی نذر کرنے کے بجائے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف متحد ہو کر کارروائی کی ضرورت ہے۔مریم اورنگزیب کے مطابق سوشل میڈیا پر کسی بھی سیاسی بیان کو مکمل سیاق و سباق کے ساتھ پیش کرنا ضروری ہے، کیونکہ ادھوری گفتگو یا منفی انداز میں پیش کیا گیا بیان عوام میں غلط فہمیاں پیدا کر سکتا ہے اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت دہشت گردی کے خاتمے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے اور قومی سلامتی کے معاملے پر کسی قسم کی سیاست یا تقسیم کی کوشش قابلِ قبول نہیں ہونی چاہیے۔



