تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئےتحفظات وزیراعلیٰ پنجاب تک پہنچاؤں گا: سپیکر ملک محمد احمد خاں

لاہور ( آصف اقبال ) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ تاجر برادری کے مسائل کا حل اور کاروباری سرگرمیوں کا فروغ ترجیحات میں شامل ہے، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تحفظات اور قوانین میں ترامیم سے متعلق تجاویز کا جائزہ لے کر متعلقہ حکام کے سامنے اٹھایا جائے گا تاکہ کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات دور کی جا سکیں۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور اس کے تعاون اور مشاورت کے بغیر معاشی ترقی کے اہداف حاصل نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اچھے قوانین وہی ہیں جو عوام کے لیے فائدہ مند ہوں اور جن پر مؤثر عمل درآمد بھی یقینی بنایا جائے، جبکہ غیر ضروری ضابطہ کاری کاروبار اور سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹ بنتی ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے لاہور چیمبر پر زور دیا کہ آئندہ بجٹ کی تیاری کے لیے ماہرین پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جائے اور ٹیکسوں، قوانین اور کاروباری مشکلات سے متعلق تجاویز تحریری طور پر حکومت کو پیش کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری کی مشاورت سے ایسی پالیسیاں تشکیل دی جا سکتی ہیں جو زمینی حقائق سے مطابقت رکھتی ہوں اور ملکی معیشت کے استحکام میں معاون ثابت ہوں۔ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے کاروباری افراد ملکی معاشی سرگرمیوں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کاروبار دوست ماحول، شفاف ٹیکس نظام، بدعنوانی کا خاتمہ اور غیر ضروری قانونی و انتظامی رکاوٹوں کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ سرمایہ کاروں کو واضح قوانین اور مؤثر سرکاری سہولتیں فراہم کرکے ان کا اعتماد بحال کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صفائی، سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور شہری ترقی کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بہتر انفراسٹرکچر، صاف ماحول اور معیاری شہری سہولتیں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے لاہور چیمبر کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کاروباری برادری کا اپنا ادارہ ہے اور چیمبر کے نمائندے اپنے مسائل اور تجاویز کے ساتھ جب چاہیں اسمبلی آ سکتے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری کے ساتھ مشاورت اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور ان کے جائز تحفظات متعلقہ حکومتی فورمز تک پہنچائے جائیں گے۔



