میکرون نے فرانس میں ہونیوالے احتجاج پر ٹرمپ سمیت بعض غیرملکی رہنماؤں کے بیانات کو احمقانہ قرار دیدیا

فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے فرانس میں ہونے والے احتجاج پر ٹرمپ سمیت بعض غیر ملکی رہنماؤں کے بیانات کو احمقانہ قرار دے دیا۔قطر میں میڈیا سےگفتگو میں میکرون نےکہا کہ فرانس میں ہونے والے واقعات میں غیرملکی مداخلت کے واضح شواہد نہیں ملے، تاہم گمراہ کن معلومات اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جعلی تصاویر پھیلائی گئیں، جعلی تصاویر میں ایسے واقعات دکھائےگئے جو حقیقت میں پیش ہی نہیں آئے، لیکن اس کے نتیجے میں کئی غیر ملکی رہنماؤں نے ایسے بیانات دیے جو نہ صرف ناقابل قبول ہیں بلکہ احمقانہ بھی ہیں۔فرانسیسی صدرکا کہنا تھا کہ ایسے بیانات دینے والے لوگ فرانس کو پسند نہیں کرتے، وہ جھوٹے دعوے کرکے سیاسی مفادات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے فرانس پر تارکین وطن اور اسلام پسندوں کے ہجوم کے دھاوےکا دعویٰ بھی مکمل طور پر غلط قرار دیا۔میکرون نے کہا کہ کچھ لوگوں نے یہ دعویٰ کیا ہےکہ ہم پر تارکین وطن اور اسلام پسندوں کے لشکر چڑھ دوڑے ہیں، حالانکہ یہ بات بالکل غلط ہے۔جب ایک صحافی نے میکرون سے پوچھا کہ کیا ان کا اشارہ ٹرمپ کی طرف تھا تو انہوں نے جواب دیا، دوسروں کی طرف بھی، لیکن وہ بھی ان میں شامل ہیں۔خیال رہےکہ امریکی صدر ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس سمیت بعض غیرملکی رہنماؤں نے فرانس میں ہونے والے حالیہ پرتشدد احتجاج کو تارکین وطن سے جوڑا تھا۔








