Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی
Trending

امریکی پابندیوں کے باوجود عالمی فوجداری عدالت نے یورپی یونین کا بڑا انسانی حقوق ایوارڈ جیت لیا

یورپی یونین نے عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کو انسانی حقوق کے لیے اپنے اعلیٰ ترین اعزاز ’سخاروف پرائز‘ سے نواز دیا ہے۔یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی پابندیوں کے باعث عدالت اور اس کے عہدیداروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اس اقدام کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے ساتھ کشیدگی کا سبب بھی سمجھا جا رہا ہے۔یورپی پارلیمنٹ کی سربراہ روبرٹا میٹسولا نے جمعرات کو ایوارڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کثیرالجہتی نظام اور بین الاقوامی اداروں کے احترام پر یقین رکھتی ہے، جبکہ یہ اعزاز عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے بین الاقوامی قانون اور انصاف کے تحفظ کے لیے کی جانے والی کوششوں کا اعتراف ہے۔عالمی فوجداری عدالت کی صدر توموکو اکانے نے اس اعزاز پر یورپی پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت اور اس کے عہدیداروں کو غیر معمولی مشکلات کا سامنا ہے، ایسے میں یہ ایوارڈ آزاد عدالتی اداروں اور بین الاقوامی قانون کی بالادستی کے لیے کام کرنے والوں کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔امریکی حکومت نے رواں ماہ عالمی فوجداری عدالت کے خلاف پابندیوں کا اعلان کیا تھا، جن کا مقصد عدالت کے روزمرہ امور کو متاثر کرنا بتایا گیا ہے۔ یہ عدالت جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی جیسے سنگین جرائم کے مقدمات کی سماعت کرتی ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ عدالت کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے خلاف غزہ میں مبینہ جرائم کے سلسلے میں گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے جانے پر ناراض ہے۔ واشنگٹن نے عدالت کو ختم کرنے کے لیے سخت اقدامات کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button