Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

نئے صوبوں اور گورننس اصلاحات پر یو ایم ٹی میں اہم بریفنگ

لاہور ( آصف اقبال ) پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسران کا یو ایم ٹی کا مطالعاتی دورہ، ابراہیم حسن مراد نے انتظامی اصلاحات اور اختیارات کی مقامی سطح پر منتقلی پر زور دیا۔پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے افسران نے یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کا مطالعاتی دورہ کیا، جہاں یو ایم ٹی کے صدر اور سابق صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد نے انہیں نئے صوبوں، انتظامی یونٹس کے قیام اور گورننس اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ قیامِ پاکستان کے بعد ملک کی آبادی میں سات گنا اضافہ ہو چکا ہے، تاہم صوبائی حدود میں کوئی بنیادی تبدیلی نہیں آئی۔ عالمی سطح پر پاکستان جیسے بڑے وفاقی ممالک میں انتظامی یونٹس کی تعداد 27 سے 51 تک ہوتی ہے، جبکہ پاکستان کے صوبے آبادی کے لحاظ سے کئی ممالک سے بڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کا رقبہ ایران اور جرمنی، سندھ کا جنوبی کوریا جبکہ خیبر پختونخوا کا پولینڈ سے موازنہ کیا جا سکتا ہے۔ اتنے بڑے صوبوں کے دور دراز اضلاع کے انتظامی معاملات سینکڑوں کلومیٹر دور واقع صوبائی دارالحکومتوں سے چلانا عملی طور پر مشکل ہے، جس کے لیے مؤثر انتظامی ڈھانچے اور اصلاحات کی ضرورت ہے۔سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے تحت اپنے حصے کے وسائل تو وصول کرتے ہیں، لیکن اضلاع میں ان وسائل کی منصفانہ تقسیم ایک اہم چیلنج ہے۔ انہوں نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان برقرار رکھنے میں صوبائی حکومتوں کی ذمہ داریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے ان ذمہ داریوں کو مکمل طور پر ادا کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ابراہیم حسن مراد نے مؤثر گورننس کے لیے اختیارات کو مقامی سطح تک منتقل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے نوآبادیاتی دور سے ورثے میں ملنے والے انتظامی ڈھانچے میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اصلاحات ناگزیر ہیں۔ ان کے مطابق مقامی حکومتوں کو سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات دینا آئینی تقاضا ہے۔انہوں نے آئین کے آرٹیکل 140-A کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مقامی حکومتوں کو اختیارات اور وسائل کی منتقلی ضروری ہے تاکہ شہریوں کو پانی، صفائی، سڑکوں اور دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے بااختیار مقامی نمائندے میسر آ سکیں۔دورے کے اختتام پر یو ایم ٹی کے صدر ابراہیم حسن مراد اور سول سروسز اکیڈمی کی ایڈیشنل ڈائریکٹر نازیہ جبین کے درمیان سووینئرز کا تبادلہ بھی ہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button