پنجاب میں کام نظر آتا ہے، سندھ کے پروبیشنری افسران کا مریم نواز کو خراجِ تحسین

لاہور ( آصف اقبال ) سندھ کے پروبیشنری افسران نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کے دوران پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی سہولتوں اور گڈ گورننس کے اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ سندھ کی خواتین افسران نے مریم نواز شریف کو خواتین کے لیے رول ماڈل اور بااختیار خواتین کی علامت قرار دیا۔پروبیشنری افسر دل رخ صحرا نے کہا کہ پاکستان کی ہر خاتون کو مریم نواز شریف پر فخر ہے۔ عبدالغفار نے کہا کہ پنجاب آکر محسوس ہوا کہ یہاں کے عوام مطمئن اور خوش نظر آتے ہیں، جبکہ زارا کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہر جگہ کام نظر آتا ہے، جسے دیکھ کر دل خوش ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایسا ہی ہونا چاہیے تھا۔ لاہور میں شجرکاری اور سرسبز ماحول دیکھ کر خواہش ہوتی ہے کہ سندھ بھی ایسا ہی ہو۔سندھ کے زیرِ تربیت افسران نے پنجاب میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے مختلف نظاموں کو مربوط بنانے، سہولت بازاروں میں معیاری اشیا کی مناسب قیمتوں پر فراہمی اور عوامی خدمات کے مؤثر نظام کو قابلِ تقلید قرار دیا۔ افسران کا کہنا تھا کہ وہ پنجاب کے تجربات سے سیکھ کر اپنے صوبے میں بھی ایسے اقدامات نافذ کرنے کی کوشش کریں گے۔حناء نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو اپنی انسپائریشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ مردوں کے معاشرے میں ان کا نمایاں مقام بنانا قابلِ تقلید ہے۔ عبدالجبار نے عوامی خدمت کے لیے ترجیحات کے تعین کو سراہا، جبکہ تانیہ انصاری نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔ ایک خاتون افسر نے اردو اور انگریزی میں نظم پیش کرتے ہوئے لاہور کی مٹی کی خوشبو کو پنجاب کی پہچان قرار دیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے زیرِ تربیت افسران کو نصیحت کی کہ وہ اچھی تجاویز کی قدر کریں، بروقت فیصلے کریں اور ان پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح موقف، ہمت اور فیصلہ سازی کو اچھی حکمرانی کے بنیادی اصول قرار دیا۔اس موقع پر سندھ کی پروبیشنری افسران فاطمہ شکیل اور ردا نے وزیراعلیٰ پنجاب کو روایتی سندھی شال پیش کی۔ مریم نواز شریف نے موئن جو دڑو کا پورٹریٹ دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور اسے اپنے دفتر میں آویزاں کرنے کے لیے رکھوا لیا۔سندھ کے کامن ٹریننگ پروگرام (سی ٹی پی) کے وفد کو پنجاب کے مختلف منصوبوں کے حوالے سے خصوصی دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے منصوبوں پر بریفنگ دی، جبکہ وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری نے 15 پر لائیو کال کرکے شرکاء کو ایمرجنسی سروس کے طریقۂ کار کا عملی مشاہدہ کرایا۔وفد میں سندھ کے لوکل گورنمنٹ، صوبائی سروس اور دیگر محکموں کے زیرِ تربیت افسران شامل تھے۔ ملاقات کے اختتام پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وفد کے ارکان کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوائی۔



