لاہور میں ایک بار پھر بسنت کا اعلان، 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو رنگوں کا میلہ سجے گا

لاہور ( آصف اقبال ) پنجاب حکومت نے لاہور میں ایک بار پھر بسنت منانے کا اعلان کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ بسنت 2027 کا تہوار 12، 13 اور 14 مارچ کو لاہور میں منایا جائے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ 2026 میں بسنت کے کامیاب انعقاد کے باعث وہ 2027 میں دوبارہ بسنت منانے کا اعلان کر رہی ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ لاہور ایک بار پھر رنگوں، ثقافت، جشن اور موسیقی سے جی اٹھے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جشن عوام کے لیے ہیں، عوام آگے بڑھیں، خوبصورت یادیں بنائیں اور اپنے جذبے سے لاہور کو ایک بار پھر روشن کریں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اوورسیز پاکستانیوں اور بین الاقوامی مہمانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ بسنت کی ان تاریخوں کو ابھی سے اپنے کیلنڈر میں محفوظ کرلیں۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’مجھے، لاہور اور پاکستان کو آپ کا انتظار رہے گا۔‘‘ مریم نواز نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ان شاء اللہ بسنت 2027 کو بھی بھرپور کامیاب بنایا جائے گا۔بسنت کے انعقاد کے حوالے سے پنجاب حکومت کی جانب سے حفاظتی انتظامات اور قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کو بھی اہم قرار دیا گیا ہے تاکہ جشن کو محفوظ انداز میں منعقد کیا جاسکے۔



