مریم نواز کی کنیئرڈ کالج کانووکیشن میں شرکت، طالبات میں گولڈ میڈلز تقسیم

لاہور ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کنیئرڈ کالج کے 89ویں کانووکیشن میں خصوصی شرکت کی، جہاں طالبات نے ان کا پُرجوش استقبال کیا۔ تقریب میں بی ایس اور ایم فل کی پوزیشن ہولڈر طالبات کو گولڈ میڈلز اور ڈگریاں دی گئیں، جبکہ نمایاں تدریسی و تحقیقی خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو بھی ایوارڈز پیش کیے گئے چیئرمین بورڈ آف گورنرز بشپ الیگزینڈر جان ملک نے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خواتین کے لیے رول ماڈل قرار دیتے ہوئے خواتین، بالخصوص طالبات کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے ان کے اقدامات کو سراہا۔ کنیئرڈ کالج کی پرنسپل ارم انجم نے وزیراعلیٰ کا خیرمقدم کیا تقریب کا آغاز کالج کے روایتی ترانے اور پرچم بردار طالبات کی آمد سے ہوا۔ چیئرمین بورڈ آف گورنرز نے روایت کے مطابق تقریب شروع کرنے کی رسمی اجازت دی، جبکہ کالج کی ہیڈ گرل نے طالبات کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کو خوش آمدید کہا اور اپنے تاثرات پیش کیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں گولڈ میڈلز تقسیم کیے اور انہیں ڈگریاں عطا کیں۔ اس موقع پر انہوں نے کامیاب طالبات کے والدین کو بھی مبارک باد دی۔ ایک خصوصی طالبہ کو گولڈ میڈل ملنے پر وزیراعلیٰ نے اس سے شفقت کا اظہار کیا تو تقریب کا پنڈال تالیوں سے گونج اٹھا۔
مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی پر میڈیا اسٹڈیز کی طالبہ شمائل کو منگت رائے میڈل، کیمسٹری کی طیبہ اختر کو میر فیلبس میڈل، فائن آرٹس کی شیزہ علی کو رخسانہ ڈیورڈ میڈل اور فزکس کی حفضہ رحمان کو بوسویل میڈل دیا گیا اسی طرح سائیکالوجی کی فاطمہ اعجاز کو اسماء جمیل میڈل، میڈیا اسٹڈیز کی مناہل اظہر کو لیلہ نجم الدین میڈل، کھیلوں میں نمایاں کارکردگی پر خدیجہ عاصم کو آؤٹ اسٹینڈنگ میڈل، قانون کی طالبہ عائشہ خان کو عاصمہ جہانگیر میڈل اور ایجوکیشن کی آئینہ رحمان کو فرسٹ پوزیشن میڈل سے نوازا گیا وزیراعلیٰ نے سوشل سائنسز میں فضاء نواز، انوائرنمنٹل سائنسز میں رابعہ ساجد، فوڈ سائنسز میں مناہل عبداللہ اور ماہین گل کو بھی گولڈ میڈلز دیے ایم فل کی سطح پر لائف سائنسز کا میڈل فرحین ناصر، میتھ اینڈ فزیکل سائنسز کا میڈل ملائکہ طارق، آرٹس کا میڈل مریم طارق اور سوشل سائنسز کا میڈل اقرہ وردہ یاسین کو دیا گیا کنیئرڈ کالج کی طالبات نے تقریب میں پاک وطن تیری دھرتی ماں جیسی کے عنوان سے خصوصی نغمہ پیش کیا، جسے حاضرین نے سراہا۔ تقریب کے دوران متعلقہ شعبہ جات کے سربراہان نے طالبات کی ڈگریوں کی توثیق کا باضابطہ اعلان بھی کیا۔
کانووکیشن میں طالبات کی تعلیمی کامیابیوں، اساتذہ کی خدمات اور خواتین کی تعلیم و ترقی کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔



