عرفان خان کی گمشدہ فلم انتقال کے چھ سال بعد ریلیز، مداح حیران

بھارتی سینما کے لیجنڈری اداکار عرفان خان کی ایک نایاب اور طویل عرصے سے غائب فلم بالآخر ان کے انتقال کے چھ سال بعد مداحوں کے لیے جاری کردی گئی، جس نے شائقین کو حیرت اور جذبات میں مبتلا کر دیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عرفان خان کی چھٹی برسی کے موقع پر ان کی اور ودیا بالن کی پرانی، غیر ریلیز شدہ فلم ’’دی لاسٹ ٹیننٹ‘‘ کو یوٹیوب پر پیش کیا گیا ہے۔یہ فلم تقریباً 25 برس تک منظرعام سے دور رہی اور اب پہلی بار ناظرین کو دیکھنے کا موقع ملا ہے۔فلم کو ریلیز ہوتے ہی غیر معمولی توجہ حاصل ہوئی، جہاں صرف تین دنوں میں اسے دو لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا، جو ناظرین کے تجسس اور دلچسپی کا واضح ثبوت ہے۔’’دی لاسٹ ٹیننٹ‘‘ 2000 میں محدود وسائل کے ساتھ تیار کی گئی تھی۔ اس کی ہدایت کاری اور تحریر سارتھک داس گپتا نے کی، جبکہ پروڈکشن نیینا اور سارتھک داس گپتا نے مشترکہ طور پر سنبھالی۔یہ فلم کئی حوالوں سے منفرد اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ اس میں عرفان خان اور ودیا بالن اپنے کیریئر کے ابتدائی دور میں دکھائی دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اسے بھارتی فلمی تاریخ کی ایک نایاب دستاویز قرار دیا جا رہا ہے۔



