پاکستان اور ایران کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد ( آصف اقبال ) اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی نے پیر کو وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس ماہ کے آغاز میں اپنے تہران کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے ایرانی قیادت کے لیے نیک تمناؤں اور احترام کا پیغام دیا۔ انہوں نے خلیج میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں پر تحمل کا مظاہرہ کرنے اور ایسے اقدامات سے گریز کی ضرورت پر زور دیا جو خطے میں مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ایک مخلص ثالث اور سہولت کار کے طور پر اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔
ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایرانی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا مظہر ہے۔
اسکندر مومنی نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی علاقائی امن کے لیے ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہی کوششوں کے نتیجے میں "اسلام آباد مفاہمتی یادداشت” (Islamabad Memorandum of Understanding) طے پائی۔ انہوں نے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کے لیے وزیراعظم کے تہران کے دورے کو بھی سراہا



