Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

کشمیر کی ترقی کے لیے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں:مریم اورنگزیب

گوجر خان: ( آصف اقبال ) سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کشمیر کے عوام ماضی کی کارکردگی کو سامنے رکھ کر فیصلہ کریں اور ترقی، عوامی خدمت اور معاشی استحکام کے سفر کو جاری رکھنے کے لیے مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیں۔گوجر خان میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے حاضرین کو نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سلام پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا کشمیر کے ساتھ خون کا رشتہ ہے اور جب بھی انہیں خدمت کا موقع ملا، انہوں نے آزاد کشمیر سمیت پورے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا۔ ان کے بقول مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور ملکی قیادت نے "معرکۂ حق” میں قومی سلامتی کے لیے مؤثر کردار ادا کیا، جس پر پوری قوم انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔مریم اورنگزیب نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام ووٹ مانگنے والوں سے ان کی کارکردگی کا ضرور حساب لیں اور یہ دیکھیں کہ انہوں نے اپنے اپنے صوبوں میں کیا عملی کام کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر نواز شریف کے ترقیاتی منصوبوں کی نشانیاں مٹا دی جائیں تو مخالف جماعتوں کی کارکردگی نظر نہیں آئے گی۔انہوں نے کہا کہ اب نعروں کی سیاست کا نہیں بلکہ کارکردگی اور وعدوں کی تکمیل کا وقت ہے۔ عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے ووٹ کا درست استعمال کریں کیونکہ غلط فیصلوں کا نقصان عوام ہی کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوامی خدمت کو اپنی سیاست کا محور بنایا ہے اور آئندہ بھی ترقی کے سفر کو جاری رکھے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2013 سے 2018 کے دوران ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ چند برسوں میں معیشت کو دوبارہ استحکام کی طرف لے جانے کے لیے اہم اقدامات کیے۔مریم اورنگزیب نے اپنے خطاب میں پنجاب حکومت کے مختلف ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کا بھی ذکر کیا، جن میں کلینک آن ویلز، دانش اسکولز، اسکول آف ایمیننس، پی کے ایل آئی، کینسر انسٹی ٹیوٹ، ستھرا پنجاب، کیتھ لیبز، اپنی چھت اپنا گھر، اپنا کھیت اپنا روزگار، محفوظ گھر، گرین ٹریکٹر اسکیم، ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ پروگرام، ای بسیں، اورنج لائن ٹرین اور دیگر انفراسٹرکچر منصوبے شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ اگر کشمیری عوام ایسے ترقیاتی منصوبے اپنے خطے میں بھی دیکھنا چاہتے ہیں تو انہیں مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینا ہوگا۔ جلسے کے اختتام پر شرکاء نے "کشمیر بنے گا پاکستان”، نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حق میں نعرے لگائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button