Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

پاک چین دوستی باہمی اعتماد اور مشترکہ ترقی کی روشن مثال ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور( آصف اقبال) پنجاب اسمبلی کے ینگ پارلیمنٹرینز فورم کے زیرِ اہتمام پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر پنجاب اسمبلی میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں لاہور میں عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل سن یان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ تقریب کی صدارت سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کی۔تقریب کا مقصد پنجاب اسمبلی کے نوجوان اراکین اور لاہور میں تعینات چینی سفارتکاروں کے درمیان پارلیمانی روابط، باہمی تعاون اور عوامی سفارت کاری کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ اس موقع پر صدر ینگ پارلیمنٹرینز فورم آمینہ حسن شیخ، چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ، چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد، سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب، اراکین پنجاب اسمبلی، چینی قونصل خانے کے افسران اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان 75 سالہ سفارتی تعلقات باہمی اعتماد، اسٹریٹجک تعاون اور لازوال دوستی کی روشن مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات صرف سفارتی اور اقتصادی شراکت داری تک محدود نہیں بلکہ یہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اعتماد، احترام اور اخلاص پر مبنی ایک مضبوط اور تاریخی رشتہ ہے۔انہوں نے کہا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی، انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی اور ادارہ جاتی صلاحیتوں کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ سپیکر نے اپنے مختلف دورۂ چین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں چینی عوام کی پاکستانی عوام سے غیر معمولی محبت، خلوص اور احترام کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا، جو دونوں ممالک کی دوستی کی اصل طاقت ہے۔ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاک چین دوستی باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ ترقی کی لازوال مثال ہے۔ انہوں نے نوجوان پارلیمنٹرینز پر زور دیا کہ وہ پارلیمانی سفارت کاری، عوامی روابط اور نوجوانوں کے درمیان تعاون کو فروغ دے کر اس تاریخی رشتے کو مزید مستحکم کریں اور آنے والی نسلوں تک اس دوستی کے پیغام کو منتقل کریں۔تقریب کے اختتام پر پاک چین دوستی کے فروغ، پارلیمانی تعاون اور نوجوانوں کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button