وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد پولیس کو 50 الیکٹرک گاڑیاں فراہم کر دیں

اسلام آباد ( آصف اقبال ) اسلام آباد پولیس کو جدید، محفوظ اور ماحول دوست پولیسنگ کے فروغ کے لیے 50 الیکٹرک گاڑیاں فراہم کر دی گئیں۔ اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے الیکٹرک گاڑیوں کی چابیاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی کے حوالے کیں۔تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، وزیر مملکت طلال چوہدری اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اسلام آباد پولیس کو جدید پولیسنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو ملک کے دیگر شہروں کے لیے رول ماڈل ہونا چاہیے۔وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے پولیس کو جدید ٹیکنالوجی، جدید سازوسامان اور دیگر ضروری وسائل سے لیس کیا جا رہا ہے۔ نئی الیکٹرک گاڑیوں کی فراہمی کا مقصد پولیسنگ کے نظام میں گرین اور ماحول دوست پولیسنگ کو فروغ دینا ہے، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیس کی کارکردگی اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات میں مزید بہتری آئے گی۔اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے وزیراعظم کو وفاقی دارالحکومت کی سکیورٹی کے لیے قائم کی گئی نئی فورس کیپٹل پٹرول کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کیپٹل پٹرول فورس محفوظ، سمارٹ اور گرین کیپیٹل کے وژن کے تحت تشکیل دی گئی ہے، جس میں مجموعی طور پر 200 پولیس اہلکار شامل ہوں گے۔بریفنگ کے مطابق ہر پٹرول یونٹ میں ایک مرد اور ایک خاتون پولیس اہلکار تعینات ہوں گے، جبکہ موٹر سائیکل سوار اہلکار بھی فورس کا حصہ ہوں گے تاکہ مختلف علاقوں میں فوری رسپانس اور مؤثر گشت یقینی بنایا جا سکے۔ کیپٹل پٹرول فورس کے تمام اہلکاروں کو باڈی کیمروں سے بھی لیس کیا جائے گا، جس سے پولیسنگ میں شفافیت، نگرانی اور جوابدہی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کیپٹل پٹرول فورس کے لیے فراہم کی گئی 50 الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے ایندھن کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی اور ماحول پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ نئی گاڑیوں کے استعمال سے ایندھن کی مد میں ماہانہ تقریباً 3 کروڑ 40 لاکھ روپے کی بچت متوقع ہے، جبکہ ایک گاڑی کی لاگت تقریباً ساڑھے دس ماہ میں ایندھن کی بچت سے پوری ہو جائے گی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد پولیس کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، گرین پولیسنگ کے فروغ اور شہریوں کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ جدید پولیسنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔



