بنوں میں پی ٹی آئی کی اسٹریٹ موومنٹ، کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد کی شرکت

بنوں ( آصف اقبال ) بنوں میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اسٹریٹ موومنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں پارٹی کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے کی۔اسٹریٹ موومنٹ کے دوران شہر کے مختلف علاقوں اور بازاروں میں کارکنوں کی بڑی تعداد موجود رہی، جبکہ شرکاء نے پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ ریلی مختلف بازاروں سے گزرتی ہوئی اپنی منزل کی جانب رواں دواں رہی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے پارٹی قیادت اور بانی چیئرمین عمران خان کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے۔پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بنوں کے عوام نے بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل کر اپنی سیاسی وابستگی اور جمہوری مؤقف کا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق عوام کا پیغام واضح ہے کہ ملک میں سیاسی فیصلے عوام کی مرضی اور ووٹ کی طاقت سے ہونے چاہئیں۔پارٹی رہنماؤں نے اسٹریٹ موومنٹ میں عوام اور کارکنوں کی شرکت کو بھرپور کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں عوامی رابطہ مہم کو مزید وسعت دی جائے گی۔اس موقع پر پارٹی کی جانب سے 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کے اعلان کا بھی حوالہ دیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کے مطابق اسلام آباد مارچ کے لیے کارکنوں اور عوام کو متحرک کیا جا رہا ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں اس حوالے سے مزید رابطہ مہم جاری رکھی جائے گی۔بنوں میں ہونے والی اس ریلی کے دوران شہر کے مختلف مقامات پر پی ٹی آئی کے پرچم نمایاں رہے اور کارکنوں نے پارٹی قیادت کے حق میں نعرے بازی کی۔ پارٹی رہنماؤں نے اسے عوامی حمایت کا اظہار قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی جدوجہد کو آئینی، جمہوری اور پرامن انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔



