عمران خان کی صحت پر تشویش، تحریک تحفظ آئین پاکستان کا فوری ملاقات کا مطالبہ

اسلام آباد ( آصف اقبال ) تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اہم سربراہی اجلاس چیئرمین محمود خان اچکزئی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں علامہ ناصر عباس جعفری، سلمان اکرم راجہ، سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف و سابق اسپیکر مصطفیٰ نواز کھوکھر، حسین احمد یوسفزئی اور خالد یوسف چوہدری نے شرکت کی۔اجلاس میں ملکی سیاسی و آئینی صورتحال سمیت اہم قومی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ شرکاء نے سیاسی، معاشی اور سکیورٹی کے بحرانوں پر حکومت کی عدم توجہی پر تشویش کا اظہار کیا۔اجلاس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت کے حوالے سے سامنے آنے والی خبروں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان نے کہا کہ عمران خان صرف ایک سیاسی جماعت کے قائد نہیں بلکہ کروڑوں پاکستانیوں کے قائد اور رہبر ہیں اور اس وقت وہ ریاستی تحویل میں ہیں۔شرکاء نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے عمران خان کے خاندان کو ملاقات کی اجازت نہ دینا اور ان کے وکلاء کو بھی ان سے ملاقات سے محروم رکھنا انتہائی تشویشناک اور قابلِ مذمت ہے۔تحریک تحفظ آئین پاکستان نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے سامنے آنے والی خبروں کا فوری نوٹس لیا جائے، انہیں فوری طور پر ملاقات کی اجازت دی جائے اور ان کی صحت کے بارے میں حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔اجلاس میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان کو علاج معالجے کی تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کی صحت سے متعلق معاملات کی مکمل نگرانی یقینی بنائی جائے۔



