وِنی دی پوہ کی 100ویں سالگرہ پر اصلی ریچھ لائبریری پہنچ گیا، شہد بھی چٹ کر گیا

امریکا میں ایک دلچسپ اور غیر معمولی واقعہ پیش آیا جہاں ایک ریچھ مشہور کارٹون کردار وِنی دی پوہ کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر لائبریری میں جا گھسا اور وہاں موجود شہد سمیت کھانے پینے کی مختلف اشیا چٹ کر گیا۔یہ واقعہ کیلیفورنیا کے علاقے میمتھ لیکس میں پیش آیا، جہاں بدھ کی صبح تقریباً 6 بجے ایک ریچھ مقامی لائبریری میں داخل ہو گیا۔لائبریری انتظامیہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں ریچھ کو عمارت کے اندر گھومتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔انتظامیہ کے مطابق ریچھ اندر داخل ہوتے ہی عملے کے لیے رکھی گئی کھانے پینے کی اشیا کی جانب بڑھا اور پینٹ بٹر، بسکٹ اور شہد کا ایک مرتبان چٹ کر گیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ واقعہ بچوں کے معروف افسانوی کردار وِنی دی پوہ کی پہلی بار منظرعام پر آنے کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر پیش آیا، جو شہد سے اپنی غیر معمولی محبت کے باعث مشہور ہے۔کھانے سے فارغ ہونے کے بعد ریچھ نے کچھ دیر لائبریری کی الماریوں کا جائزہ لیا اور پھر خود ہی وہاں سے روانہ ہو گیا۔لائبریری انتظامیہ نے مزاحیہ انداز میں بتایا کہ واقعے کے دوران نہ کوئی کتاب خراب ہوئی اور نہ ہی کسی الماری کو نقصان پہنچا، تاہم شہد کا مرتبان تاحال واپس نہیں ملا۔



