پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کا آغاز

پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان 7 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سہ ملکی سیریز کا باقاعدہ آغاز 18 اکتوبر بروز اتوار راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہو رہا ہے۔ اس تاریخی سیریز کا افتتاح میزبان پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ون ڈے سے ہوگا، جبکہ انگلینڈ کی ٹیم اپنا پہلا میچ 20 اکتوبر کو پاکستان کے خلاف اور دوسرا میچ 22 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف راولپنڈی ہی میں کھیلے گی، تمام میچز کے ٹاس دوپہر 12:30 بجے ہوں گے اور میچ ایک بجے شروع ہونگے جس کے بعد سیریز کا بقیہ مرحلہ اور 31 اکتوبر کا فائنل مقابلہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منتقل ہو جائے گا۔ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں یہ چوتھی سہ ملکی سیریز ہے جو ملکی سرزمین پر منعقد ہو رہی ہے؛ اس سے قبل پاکستان 1994 میں آسٹریلیا و جنوبی افریقہ، 2004 میں سری لنکا و زمبابوے اور 2025 میں نیوزی لینڈ و جنوبی افریقہ کی میزبانی کر چکا ہے۔ قومی ٹیم کے قائد شاہین شاہ آفریدی، جنہوں نے اب تک 11 ون ڈے میچوں میں کپتانی کرتے ہوئے 7 میں فتح حاصل کی ہے، اس سیریز میں ٹیم کی قیادت سنبھالیں گے جبکہ انگلینڈ کی کمان ہیری بروک اور سری لنکا کی باگ ڈور کشال مینڈس کے ہاتھوں میں ہوگی۔سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان کا قومی اسکوائڈ 14 اکتوبر کو اسلام آباد میں اکٹھا ہوا اور تین دن تک بھرپور مشقیں کیں، سری لنکن ٹیم 12 اکتوبر کو پہنچ کر 14 اکتوبر سے پریکٹس میں مصروف ہوئی، جبکہ انگلینڈ کی ٹیم 16 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچی ہے جسے اپنے پہلے میچ سے قبل تین پریکٹس سیشنز کا موقع ملے گا۔



