بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کر رہی ہے:سپیکرپنجاب اسمبلی

لاہور( آصف اقبال ) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار پر ذمہ دارانہ، متوازن اور حقائق پر مبنی گفتگو وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو سیاسی بحث کا موضوع بنانا کسی طور مناسب نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کر رہی ہے، تاہم پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر سازش کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔وہ لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں "پاکستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی: پاکستان آرمی کا کردار اور اہمیت” کے عنوان سے منعقدہ خصوصی سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی فوج کے سیاسی کردار سے متعلق حالیہ گفتگو پر سنجیدہ بحث ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن ماضی میں شہداء کو قومی اثاثہ قرار دیتے رہے ہیں، اس لیے ان کے حالیہ بیان پر حیرت ہوئی اور انہیں اپنے مؤقف پر نظرثانی کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک لاکھ سے زائد جانوں کی قربانیاں دے چکا ہے، اس لیے دہشت گردی سے متعلق ہر بحث میں قومی مفاد کو مقدم رکھنا ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات قومی اتحاد، سیاسی استحکام اور باہمی یکجہتی کے متقاضی ہیں تاکہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ بھارت دہشت گرد عناصر کو مالی اور دیگر معاونت فراہم کر کے پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے، مگر افواجِ پاکستان اور قوم کے مضبوط عزم کے سامنے دشمن کی ہر سازش ناکام ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کی علامت ہے، جبکہ شہداء کے اہلِ خانہ پوری قوم کے لیے باعثِ احترام ہیں اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔سیمینار سے چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف چار دہائیوں پر محیط جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے اور پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ متحد ہو کر ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔تقریب سے ایکس سروس مین سوسائٹی کے چیف آرگنائزر عزیز احمد اعوان، سینئر صحافی رئیس انصاری، مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، اساتذہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے، شہداء کی قربانیوں کے اعتراف اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔



