سلمان خان نے سوناکشی اور ظہیر کے تعلقات پر کیا پیشگوئی کی تھی؟ جوڑے کا دلچسپ انکشاف

بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا اور ان کے شوہر ظہیر اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے درمیان تعلق کی حقیقت سب سے پہلے سلمان خان نے محسوس کرلی تھی، حالانکہ اس وقت دونوں نے خود بھی اپنے رشتے کا اعتراف نہیں کیا تھا۔حال ہی میں نیہا دھوپیا اور انگد بیدی کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے سوناکشی سنہا نے بتایا کہ ان کی اور ظہیر اقبال کی پہلی ملاقات سلمان خان کی ایک پارٹی میں ہوئی تھی۔ ان کے مطابق سلمان خان ابتدا ہی سے دونوں کے درمیان بڑھتی قربت کو محسوس کر چکے تھے، لیکن جب بھی وہ اس بارے میں سوال کرتے تو وہ یہی جواب دیتیں کہ ایسی کوئی بات نہیں۔سوناکشی نے بتایا کہ ایک موقع پر سلمان خان نے انہیں الگ بلا کر کہا تھا کہ ایک دن ایسا آئے گا جب تم دونوں کا بریک اپ ہوگا، پھر تم میرے پاس آ کر روؤ گی اور وہ بھی میرے پاس آ کر اپنی بات کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چونکہ وہ دونوں سے محبت کرتے ہیں، اس لیے کسی ایک کا ساتھ نہیں دینا چاہتے۔ اداکارہ کے مطابق سلمان خان کی یہ بات سن کر وہ اور ظہیر دونوں حیران رہ گئے تھے، کیونکہ انہوں نے اس وقت تک اپنے تعلق کا اظہار بھی نہیں کیا تھا۔ظہیر اقبال نے بھی اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سلمان خان کو اپنے رشتے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا تھا، لیکن انہیں پہلے ہی سب اندازہ ہو چکا تھا۔ ان کے مطابق ایک ٹریکنگ ٹرپ کے دوران سلمان خان نے صرف اتنا کہا تھا، ’سب نظر آ رہا ہے‘۔ ظہیر کا کہنا تھا کہ سلمان نے نہ کوئی سوال کیا اور نہ ہی مزید گفتگو کی، مگر ان کا اشارہ صاف طور پر دونوں کے تعلق کی جانب تھا۔



