امریکا میں قتل کیے گئے 6 سالہ فلسطینی بچے کے نام سے سڑک منسوب کردی گئی

امریکی ریاست الینوائے میں ایک سڑک کا نام 6 سالہ فلسطینی نژاد امریکی بچے ودیع الفیومی کے نام پر رکھ دیا گیا جسے اکتوبر 2023 میں ایک نفرت انگیز حملے میں قتل کر دیا گیا تھا۔تقریب کے دوران مقامی حکام، کمیونٹی رہنماؤں اور مقتول بچے کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔ سڑک کو ودیع الفیومی، لیٹل پیلسٹائن وے کے نام سے منسوب کیا گیا تاکہ بچے کی یاد کو زندہ رکھا جا سکے اور نفرت پر مبنی جرائم کے خلاف ایک علامتی پیغام دیا جا سکے۔ ودیع الفیومی کو 14 اکتوبر 2023 کو الینوائے کے علاقے پلین فیلڈ میں اس کے مکان مالک جوزف چزوبا نے چاقو کے حملے میں قتل کر دیا تھا۔ استغاثہ کے مطابق حملہ اسلاموفوبیا اور غزہ جنگ کے تناظر میں فلسطینی اور مسلم شناخت سے نفرت کے محرکات پر مبنی تھا۔ حملے میں بچے کی والدہ بھی شدید زخمی ہوئی تھیں۔ بعد ازاں عدالت نے ملزم کو قتل اور نفرت پر مبنی جرم سمیت متعدد الزامات میں مجرم قرار دے کر 53 سال قید کی سزا سنائی۔مقامی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سڑک کا نام تبدیل کرنے کا مقصد صرف ایک بچے کو خراجِ عقیدت پیش کرنا نہیں بلکہ یہ پیغام دینا بھی ہے کہ مذہب، نسل یا قومیت کی بنیاد پر نفرت اور تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔



