Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم میں عوام کو مزید سہولت، رجسٹریشن کا ایس ایم ایس مفت کر دیا گیا

اسلام آباد( آصف اقبال ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جاری پی ایم اسپیشل ریلیف/فیول سبسڈی اسکیم میں عوام کے لیے مزید سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے ایس ایم ایس بھیجنے کی فیس ختم کر دی گئی ہے۔وزیراعظم کی زیر صدارت خلیج کی صورتحال کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متاثرہ کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے لیے اسکیم کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں اسکیم کے پائلٹ مرحلے کے افتتاح کے بعد اب پورے ملک، بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان، میں اسکیم کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ کامیاب رجسٹریشنز کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔حکام کے مطابق اسکیم میں رجسٹریشن کا طریقہ کار انتہائی آسان رکھا گیا ہے اور اس کے لیے صرف چار بنیادی معلومات درکار ہیں، جن میں شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، گاڑی کی رجسٹریشن کا صوبہ اور رجسٹریشن کی تاریخ شامل ہیں۔رجسٹریشن کے لیے شہری REG لکھ کر اسپیس دیں، اس کے بعد شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، رجسٹریشن کے صوبے کے نام کا پہلا حرف اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ درج کرکے 9771 پر ایس ایم ایس بھیج سکتے ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق یہ رجسٹریشن پیغام اب مفت بھیجا جا سکے گا۔وزیراعظم نے عوام کو سبسڈی کے حصول میں آسانی فراہم کرنے کے لیے انتظامیہ، رضاکاروں اور پٹرول پمپ کے عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سہولت ڈیسک پر موجود افراد اسکیم کے مستحق شہریوں کی رہنمائی کریں اور رجسٹریشن سمیت دیگر ضروری مراحل میں عوام کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو اسکیم کے حوالے سے عوامی آگاہی کے لیے متحرک رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کے عمل میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک گیر سطح پر اسکیم کے نفاذ کے لیے صوبائی حکومتیں بھرپور تعاون کر رہی ہیں۔ فیول سبسڈی اسکیم کی مکمل تفصیلات www.pmfuelrelief.pk پر دستیاب ہیں۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ اور علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button