ٹرمپ کی مخالفت کے باوجود مشی گن سے عبدل السید مسلمان امریکی سینیٹر منتخب

مشی گن (اردو ٹائم یو ایس اے) امریکی ریاست مشی گن سے ڈیموکریٹ امیدوار عبدل السید نے سینیٹ کی نشست پر کامیابی حاصل کرکے پہلے مسلمان امریکی سینیٹر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے ری پبلکن امیدوار مائیک راجرز کو شکست دے کر امریکی سیاست میں ایک نئی تاریخ رقم کی۔
کامیابی کے بعد عبدل السید نے اپنے ووٹرز اور حامیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی کامیابی عوام کے نام کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے الزامات اور مخالفت کے باوجود انہوں نے اپنی جدوجہد جاری رکھی۔ مخالفین نے انہیں شکست دینے کے لیے خطیر رقم خرچ کی، لیکن مشی گن کے عوام نے امید کا انتخاب کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ری پبلکنز امریکی عوام کے بنیادی نظریات کے مخالف ہیں اور انتخابی مہم کے دوران ان کے نام اور مذہب کو بھی موضوعِ بحث بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کی اور عوام کے لیے ہونی چاہیے، جبکہ ان کی ترجیح امریکی عوام اور محنت کش طبقے کے لیے روشن مستقبل کی تعمیر ہے۔
عبدل السید نے واضح کیا کہ کامیابی کے بعد ان کی تمام تر توجہ اپنے پالیسی ایجنڈے پر عمل درآمد اور عوام سے کیے گئے وعدوں کو آگے بڑھانے پر مرکوز رہے گی۔
واضح رہے کہ امریکی مڈٹرم انتخابات میں عبدل السید کے علاوہ بھی متعدد مسلم امیدواروں نے مختلف نشستوں پر انتخابی میدان میں حصہ لیا۔ ان کی کامیابی کو امریکی سیاست میں مسلم امریکیوں کی نمائندگی کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔








