لاہور کی فضائی آلودگی میں کمی، سموگ کے خلاف حکومتی اقدامات جاری، مریم اورنگزیب

لاہور ( آصف اقبال ) لاہور کی فضائی آلودگی میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے اور شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کم ہو کر 196 پر آگیا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر اسموگ کے تدارک کے لیے مؤثر ماحولیاتی اقدامات اور مسلسل انفورسمنٹ کا سلسلہ جاری ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ لاہور کی فضائی آلودگی میں کمی حکومتی اقدامات، مؤثر نگرانی اور ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کا نتیجہ ہے۔ پنجاب حکومت شہریوں کو صاف اور صحت مند فضا فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ اسموگ کے خاتمے اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے حکومتی اقدامات کے ساتھ عوامی تعاون بھی ناگزیر ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑیوں سے خارج ہونے والے دھوئیں میں کمی لائیں اور کوڑا کرکٹ یا فصلوں کی باقیات جلانے سے مکمل اجتناب کریں۔انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی میں مزید کمی کے لیے ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد، نگرانی اور عوامی آگاہی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو صاف، محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔








