وزیراعلیٰ مریم نواز کا دورۂ اٹک، والہانہ استقبال، گرین بس منصوبے کا افتتاح، طلبہ میں لیپ ٹاپ اور وظائف تقسیم

اٹک ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دورۂ اٹک کے موقع پر شہر میں عوامی جوش و خروش دیدنی رہا وزیراعلیٰ کی اٹک کے مرکزی بازار پیڈر لین آمد پر ہزاروں شہریوں، دکانداروں اور نوجوانوں نے شاندار استقبال کیا ان پر منوں پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ روایتی ڈاچی ڈانس کے ذریعے پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔ خواتین اور بچے بھی وزیراعلیٰ کی گاڑی کے ہمراہ چلتے رہے اور پورا علاقہ گلاب کے پھولوں سے مہک اٹھا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اٹک کے مرکزی بازار میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا جہاں ٹف ٹائلز، جدید لائٹس اور لائبریری بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے اٹک کے لیے گرین بس پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔ وزیراعلیٰ کی دعوت پر طلبہ نے گرین بس کا افتتاح کیا، جبکہ مریم نواز شریف نے الیکٹرو بس کا معائنہ کیا۔ منصوبے کے تحت اٹک شہر میں تین روٹس پر 15 بسیں چلائی جا رہی ہیں، جس سے شہریوں کو جدید اور بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب نے کامسیٹس یونیورسٹی اٹک میں ہونہار اسکالرشپ پروگرام اور لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب میں شرکت کی، جہاں راولپنڈی ڈویژن سمیت خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والے طلبہ بھی موجود تھے۔ تقریب میں خیبرپختونخوا کے 3,600 طلبہ کو پنجاب حکومت کی جانب سے ہونہار اسکالرشپ فراہم کیے جانے کو سراہا گیا۔ خیبرپختونخوا کے طلبہ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ایک سمسٹر کی فیس تقریباً دو لاکھ روپے بنتی ہے، جس کی ادائیگی اسکالرشپ کے باعث ممکن ہوئی۔طلبہ نے وزیراعلیٰ کو تحائف، پورٹریٹس اور اسکیچز پیش کیے، جبکہ مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور دیگر سیاسی رہنماؤں کے پاس جا کر ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعلیٰ کو جنرل سلامی بھی پیش کی تقریب کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے طلبہ میں لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپ کے چیک تقسیم کیے۔ اٹک میں راولپنڈی ڈویژن کے طلبہ کو مجموعی طور پر 6,161 لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے۔ ان میں سرکاری جامعات کے لیے 628، نجی جامعات کے لیے 257، میڈیکل کالجز کے لیے 461، نرسنگ کالجز کے لیے 375، خصوصی تعلیم کے اداروں کے لیے 17 جبکہ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے کالجز کے طلبہ کے لیے 423 لیپ ٹاپ شامل ہیں۔ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے تحت راولپنڈی ڈویژن کے طلبہ میں مجموعی طور پر 19 کروڑ 69 لاکھ 70 ہزار روپے مالیت کے 2,590 وظائف تقسیم کیے گئے۔ ان میں سرکاری جامعات کے طلبہ کے لیے 2,085 وظائف مختص کیے گئے، جن کی مالیت 17 کروڑ 2 لاکھ 10 ہزار روپے ہے۔ میڈیکل جامعات اور کالجز کے طلبہ کو 314 وظائف دیے گئے، جن کی مالیت ایک کروڑ 98 لاکھ روپے ہے، جبکہ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے کالجز کے طلبہ کے لیے 69 لاکھ 60 ہزار روپے مالیت کے 191 وظائف مختص کیے گئے لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپ پروگرام میں سرکاری و نجی جامعات، وفاقی چارٹرڈ یونیورسٹیوں، بی ایس کالجز، خصوصی تعلیم کے اداروں اور میڈیکل و ڈینٹل کالجز کے طلبہ کو شامل کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہونہار طلبہ کی سہولت کے لیے لیپ ٹاپ کی تعداد 40 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ 12 ہزار کر دی ہے، جبکہ مختلف اضلاع میں اب تک 48,292 لیپ ٹاپ طلبہ و طالبات میں تقسیم کیے جا چکے ہیں ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے پہلے، دوسرے اور تیسرے مرحلے میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 8 ہزار طلبہ و طالبات کو وظائف فراہم کیے جا چکے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد مستحق اور باصلاحیت طلبہ کو مالی مشکلات سے نجات دلانا اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے دورۂ اٹک میں عوامی ترقی، جدید سفری سہولیات اور نوجوانوں کی تعلیمی معاونت کے منصوبے نمایاں رہے۔








