مس یونیورس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی مصباح ارشد کا جذباتی پیغام

مس یونیورس 2026 میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی مصباح ارشد نے مقابلے میں ٹاپ 30 امیدواروں تک رسائی حاصل نہ کرنے کے باوجود اپنی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خواب پورا نہ ہونے کا دکھ ضرور ہے، لیکن انہیں اس بات پر فخر ہے کہ انہوں نے اپنی پوری صلاحیت اور محنت اس مقابلے کے لیے وقف کی۔مس یونیورس 2026 کا مقابلہ 24 نومبر کو اختتام پذیر ہوا، جس کے بعد شریک امیدوار اپنے تجربات اور جذبات سوشل میڈیا پر بیان کررہی ہیں۔ مصباح ارشد نے بھی انسٹاگرام پر اپنی اس مصروفیت کے بارے میں لکھا کہ کئی ہفتوں بلکہ مہینوں تک ان کی تمام تر توجہ مقابلے کی تیاری پر مرکوز رہی۔ اب ایونٹ مکمل ہونے کے بعد وہ کچھ وقت سکون اور آرام سے گزارنا چاہتی ہیں۔مصباح کے مطابق پوری کوشش کے باوجود مطلوبہ نتیجہ حاصل نہ ہونا یقیناً تکلیف دہ ہوتا ہے، تاہم اس احساس سے حوصلہ بھی ملتا ہے کہ انسان نے اپنی دستیاب صلاحیتوں اور وسائل کے مطابق بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی محنت کو سراہتی ہیں اور انہیں فخر ہے کہ انہوں نے مقابلے کے لیے اپنی بھرپور توانائی صرف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل کے حوالے سے بھی پُرامید ہیں۔








