کھیل
فٹبال میچ کے دوران تماشائی الیکٹرک اسکوٹر پر میدان میں داخل، کھلاڑی حیران

پولینڈ کی تھرڈ ڈویژن فٹبال لیگ کے ایک میچ میں تماشائی نے الیکٹرک اسکوٹر پر میدان میں داخل ہوکر سب کو حیران کردیا۔اسٹالووا وولا اور لیگیا وارسا کی ریزرو ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے مقابلے میں دلچسپ واقعہ اس وقت پیش آیا جب میزبان ٹیم کو 2 کے مقابلے میں 3 گول کی برتری حاصل تھی۔اسی دوران ایک تماشائی اچانک الیکٹرک اسکوٹر لے کر گراؤنڈ میں داخل ہوگیا اور میدان میں چکر لگانے لگا۔حیران کن طور پر کھلاڑیوں نے ابتدا میں کھیل جاری رکھا تاہم کچھ دیر بعد ریفری اور کھلاڑیوں کی توجہ اس جانب مبذول ہوئی۔اس سے پہلے کہ انتظامیہ اسے روک پاتی، اسکوٹر سوار تماشائی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر دلچسپی کا مرکز بن گئی۔








