Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

ڈیجیٹل تعلیم پر اشرافیہ کی اجارہ داری نہیں ہونی چاہیے دیہی علاقوں کے بچوں کو بھی یکساں مواقع ملیں: سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور ( آصف اقبال ) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے تعلیمی شعبے میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا فروغ ناگزیر ہے، تاہم جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل تعلیم کی سہولیات صرف مراعات یافتہ طبقے تک محدود نہیں رہنی چاہئیں بلکہ دیہی اور دور دراز علاقوں کے بچوں کو بھی یکساں مواقع فراہم کرنا ہوں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے AZ EdTech System کی گرینڈ لانچنگ اور بیسٹ سکول ایوارڈ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے تقریب کے منتظمین کو ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ کے لیے اہم اقدام پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے سرکاری و نجی شعبے کو مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کا فروغ ایک بڑا اور چیلنجنگ ہدف ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ کیا جدید تعلیمی سہولیات صرف صاحبِ حیثیت طبقے کے بچوں کو میسر ہوں گی یا دور دراز دیہات کے سرکاری پرائمری سکولوں میں زیر تعلیم بچے بھی اس سے مستفید ہو سکیں گے؟ ڈیجیٹل تعلیم کی کامیابی اسی وقت ممکن ہے جب جدید مشینیں، وسائل اور سہولیات لاہور سمیت بڑے شہروں سے نکل کر پسماندہ علاقوں کے سکولوں تک بھی پہنچیں انہوں نے تعلیمی شعبے میں وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے بعض سکولوں میں ایک بچے پر ہفتہ وار 60 ہزار روپے خرچ کیے جا رہے ہیں جبکہ دوسری جانب ایسے تعلیمی ادارے بھی موجود ہیں جہاں پورے سال میں ایک بچے پر اتنی رقم خرچ نہیں ہو پاتی تعلیمی وسائل اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی میں یہ واضح فرق ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور مصنوعی ذہانت مستقبل کے معاشروں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اے آئی کو ایک مفید ٹول کے طور پر استعمال کرنا ہے یا اس کے اثرات ہماری زندگیوں کو خود تبدیل کریں گے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں احتیاط، ذمہ داری اور شعور بنیادی اہمیت رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ انسانی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ انسان نے اپنی تخلیق کردہ ٹیکنالوجی سے فوائد بھی حاصل کیے اور بعض اوقات اس کے منفی نتائج کا سامنا بھی کیا۔ لہٰذا مصنوعی ذہانت کے دور میں صرف جدید ٹیکنالوجی متعارف کروانا کافی نہیں بلکہ اس کے درست اور ذمہ دارانہ استعمال سے متعلق آگاہی بھی ضروری ہے ملک محمد احمد خاں نے نجی شعبے کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیم کے فروغ، جدید تعلیمی اداروں کے قیام اور سینٹرز آف ایکسیلینس کے حامی ہیں۔ تاہم جدید تعلیمی نظام کی تشکیل کے ساتھ کم وسائل رکھنے والے خاندانوں کے بچوں کو بھی اس ترقی کے سفر میں شامل کرنا ہوگا انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں وسائل کی منصفانہ تقسیم، معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات تک ہر شہری کی یکساں رسائی یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ترقی کے مواقع چند ہاتھوں تک محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ ہر شہری کو آگے بڑھنے کے برابر مواقع ملنے چاہئیں۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو ایسا ملک بنانا ہوگا جہاں تعلیم، صحت، جدید ٹیکنالوجی، وسائل اور ترقی کے مواقع بلاامتیاز ہر شہری کو میسر ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button