
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے گزشتہ ہفتے چین میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کے دوران یورپ بھر میں روسی فوجی جارحیت روکنے پر زور دیا تھا تاکہ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے جلد معاہدہ ہوسکے۔ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے پیوٹن کے ساتھ گفتگو میں اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ روس یورپ کے مختلف علاقوں میں اپنی تمام فوجی جارحانہ کارروائیاں روک دے۔ ان کے بقول اس اقدام سے روس اور یوکرین کے درمیان جلد امن معاہدے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔امریکی صدر نے اس امکان کو مضبوط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر ماہ ہزاروں افراد مارے جارہے ہیں اور یہ ایک مکمل خونریزی ہے۔ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ یورپ میں روس کی کن مخصوص سرگرمیوں یا اقدامات کو روکنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ تاہم ان کے بیان میں یوکرین کے میدانِ جنگ سے آگے یورپ کے دیگر علاقوں کا ذکر بھی شامل تھا۔ روس کی جانب سے 2022 میں یوکرین پر حملے کے بعد مختلف یورپی ممالک وقتاً فوقتاً ماسکو پر اشتعال انگیز سرگرمیوں کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔بعد ازاں جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا کہ ان کے خیال میں پیوٹن معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم انہوں نے مذاکرات کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ روسی صدر پیوٹن اور یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی کی باہمی مخالفت کو قرار دیا۔ٹرمپ نے فلوریڈا میں اپنے مار اے لاگو کلب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے خاتمے کے معاہدے میں سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ دونوں رہنما ایک دوسرے سے شدید نفرت کرتے ہیں۔








