۔محسن نقوی کا شملہ پہاڑی نادرا میگا سنٹر کا دورہ، ٹوکن کے انتظار کا مسئلہ حل کرنے کی ہدایت

لاہور ( آصف اقبال ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں 24/7 نادرا میگا سنٹر شملہ پہاڑی کا دورہ کیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں سے ملاقات کی اور خدمات کی فراہمی کے دورانیے، عملے کے رویے اور درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا دورے کے دوران شہریوں نے ٹوکن حاصل کرنے کے لیے طویل انتظار کی شکایات کیں، تاہم سنٹر کے اندر انتظامات اور تیز رفتار سروس پر اطمینان کا اظہار کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ٹوکن کے حصول میں انتظار کرنا پڑتا ہے، لیکن سنٹر کے اندر چند ہی منٹوں میں کام مکمل ہو جاتا ہے۔ بعض شہریوں نے بتایا کہ انہیں صرف 10 منٹ میں باری مل گئی، جبکہ ایک بزرگ شہری نے عملے کے تعاون اور رہنمائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ چند منٹ میں ان کا کام مکمل ہوگیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سنٹر کے اندر شہریوں کے لیے بہترین انتظامات اور تیز رفتار خدمات کی فراہمی پر نادرا عملے کو شاباش دی۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دہانی کروائی کہ ٹوکن کے حصول میں انتظار کا مسئلہ حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو ٹوکن سے لے کر دستاویزات کی تکمیل تک ہر مرحلے پر سہولت میسر ہو۔محسن نقوی نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ شہریوں کو ٹوکن کے حصول کے دوران بھی سنٹر کے اندر فراہم کی جانے والی تیز رفتار خدمات جیسی سہولت ملے۔ شہریوں کو بروقت اور بلا تاخیر خدمات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا وفاقی وزیر داخلہ نے دورے کے دوران بعض شہریوں کے مسائل فوری حل کرنے کے لیے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو احکامات بھی جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کا اعتماد اور مثبت فیڈ بیک ہی کسی ادارے کی کامیابی کا اصل معیار ہے۔محسن نقوی نے چیئرمین نادرا اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ شہریوں کو بہتر، تیز رفتار اور معیاری خدمات کی فراہمی کا سلسلہ مزید مؤثر بنایا جائے۔







