شہزادی ڈیانا کا مشہور ’ریونج ڈریس‘ نیلامی کے لیے تیار، کتنے میں فروخت ہونے کا امکان؟

شہزادی ڈیانا کا فیشن کی تاریخ میں امر ہو جانے والا مشہور ’ریوینج ڈریس‘ تقریباً 30 سال بعد ایک مرتبہ پھر نیلامی کیلئے پیش کیا جا رہا ہے۔سیاہ ریشمی لباس کو معروف ڈیزائنر کرسٹینا اسٹیمبولین نے تیار کیا تھا اور اسے 9 دسمبر کو نیویارک میں سوتھبیز کی خصوصی فیشن نیلامی میں فروخت کیا جائے گا۔ لباس کی قیمت ڈیڑھ لاکھ سے 3 لاکھ ڈالر تک لگنے کا امکان ہے۔شہزادی ڈیانا نے یہ بولڈ آف شولڈر لباس جون 1994 میں لندن کی سرپینٹائن گیلری میں وینٹی فیئر کی ایک تقریب کے دوران پہنا تھا، مگر اس لباس کے مشہور ہونے کے پیچھے ایک انتہائی دلچسپ کہانی ہے۔اسی روز ان کے شوہر، اس وقت کے شہزادہ چارلس، کا ایک ٹی وی انٹرویو نشر ہوا تھا جس میں انہوں نے اپنی شادی کے دوران بے وفائی سے متعلق بات کی تھی۔ ڈیانا نے تقریب کیلئے پہلے کوئی اور لباس منتخب کیا تھا لیکن آخری وقت میں اپنا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے وہ سیاہ لباس پہن کر تقریب میں پہنچ گئیں۔ڈیانا یہ لباس تقریباً 3 سال سے اپنے پاس رکھے ہوئے تھیں لیکن اسے عوامی تقریب کیلئے ’ضرورت سے زیادہ بولڈ‘ سمجھتی تھیں۔ ان کی سابق اسٹائلسٹ اینا ہاروی کے مطابق اس رات ڈیانا چاہتی تھیں کہ وہ ’ملین ڈالرز‘ کی نظر آئیں۔یہی وجہ تھی کہ یہ لباس بعد میں دنیا بھر میں ’ریوینج ڈریس‘ کے نام سے مشہور ہو گیا اور ڈیانا کی زندگی کے سب سے یادگار فیشن لمحات میں شمار ہونے لگا۔



