ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرا ٹیسٹ؛ اسٹیو اسمتھ کی شمولیت سے متعلق اہم پیشرفت

کراچی:جنوبی افریقا کے خلاف لارڈز میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل کے دوران زخمی ہونے والے آسٹریلوی بلے باز اسٹیو اسمتھ کی ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شمولیت سے متعلق اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔اسٹیو اسمتھ ویسٹ انڈیز کے خلاف گریناڈا میں دوسرے ٹیسٹ میں واپسی کے لیے تیار ہیں، تاہم انگلی کی انجری کے باعث انہیں دوران فیلڈںگ سِلپ پر کھڑا نہیں کیا جائے گا۔گریناڈا ٹیسٹ سے دو دن قبل اسمتھ نے نیٹس میں بغیر کسی مسئلے کے فاسٹ بولرز کا سامنا کیا اور وہ غالباً جوش انگلس کی جگہ ٹیم میں شامل ہوں گے۔جنوبی افریقا کے خلاف لارڈز میں انگلی کی کمپاؤنڈ ڈسلوکیشن کا شکار ہونے کے بعد یہ ان کا پہلا مکمل ٹریننگ سیشن تھا۔بارباڈوس ٹیسٹ کے دوران اسمتھ نے ایک ہفتہ نیویارک میں اپنے اپارٹمنٹ میں گزارا اور اسکواڈ میں دوبارہ شامل ہونے پر ہی ان کے ٹانکے نکالے گئے۔ انہیں تقریباً چھ ہفتے تک انگلی پر اسپلنٹ پہننا ہوگا۔