پرانی یادیں؛ بالی ووڈ ہیرو 22 برس بعد اپنی ہیروئن کے ساتھ جلوہ گر ہونے کو تیار

بالی ووڈ میں نئی فلموں کے اعلانات معمول کی بات ہیں، لیکن بعض خبریں ایسی ہوتی ہیں جو صرف ایک فلم تک محدود نہیں رہتیں بلکہ شائقین کو کئی برس پیچھے لے جاتی ہیں۔ان دنوں بھی کچھ ایسا ہی ہو رہا ہے، کیونکہ اکشے کمار اور روینہ ٹنڈن طویل وقفے کے بعد ایک بار پھر ایک ہی فلم میں نظر آنے والے ہیں اور یہ خبر خبر سوشل میڈیا پر شائقین کے لیے پرانی یادوں کو تازہ کرنے کی بڑی وجہ بن چکی ہے۔اکشے کمار اور روینہ ٹنڈن نے 1990 کی دہائی میں متعدد کامیاب فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے۔ ان کی اسکرین پر موجود کیمسٹری کو اُس دور کے ناظرین نے بے حد پسند کیا، جبکہ ان کے کئی گانے اور مناظر آج بھی مختلف ٹی وی چینلز، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا پر دیکھے اور شیئر کیے جاتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ان دونوں کی دوبارہ اسکرین پر واپسی نے پرانے مداحوں کے ساتھ نئی نسل کی دلچسپی بھی بڑھا دی ہے۔خاص بات یہ ہے کہ دونوں اداکار تقریباً 22 برس بعد ایک فلم میں اکٹھے دکھائی دیں گے۔ ان کی آخری مشترکہ فلم Police Force: An Inside Story تھی، جو 2004 میں ریلیز ہوئی تھی۔اب دونوں اپنی اس آنے والی فلم Welcome To The Jungle میں دوبارہ ایک ساتھ کام کر رہے ہیں، جس کا اعلان ہوتے ہی فلمی حلقوں میں اس جوڑی کا ذکر دوبارہ شروع ہوگیا۔یہ دلچسپ خبر مزید اہم اس وقت بن گئی جب روینہ ٹنڈن نے ایک حالیہ گفتگو میں اکشے کمار کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزرے ہوئے برسوں کے دوران اپنے فن میں مزید نکھر کر سامنے آئے ہیں۔



