سنجے لیلا بھنسالی کی فلم کے سیٹ پر افسوسناک حادثہ، کرنٹ لگنے سے ہلاکت

معروف بھارتی فلم ساز اور ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی کی زیرِ تکمیل میگا بجٹ فلم ’لو اینڈ وار‘ کے سیٹ پر پیش آنے والے حادثے نے فلمی دنیا کو افسردہ کردیا۔ شوٹنگ کے دوران بجلی کا شدید جھٹکا لگنے سے ایک کارپینٹر جان کی بازی ہار گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق افسوسناک واقعے میں فلم کے سیٹ پر کام کرنے والے چندر دھاری سنگھ یادیو نامی بڑھئی کو اچانک کرنٹ لگ گیا۔ بجلی کا جھٹکا اتنا شدید تھا کہ وہ موقع پر ہی جانبر نہ ہوسکے۔ مرحوم اپنے پیچھے اہلیہ اور دو بچوں کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔واقعے کے بعد فلمی شعبے سے وابستہ کارکنوں کی نمائندہ تنظیم فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سینی ایمپلائز نے متاثرہ خاندان کےلیے مزید مالی معاونت کا مطالبہ کیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے ورکر کے اہلِ خانہ کو مناسب معاوضہ فراہم کیا جانا چاہیے تاکہ انہیں مستقبل میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔فیڈریشن کے صدر بی این تیواری نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سنجے لیلا بھنسالی کی جانب سے متاثرہ خاندان کو 40 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جا چکی ہے، تاہم تنظیم چاہتی ہے کہ یہ رقم بڑھا کر 50 لاکھ روپے کی جائے۔



