Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

سانحۂ کاہنہ کے بعد بڑا فیصلہ: پنجاب حکومت کا ’’اپنا گھر، محفوظ گھر‘‘ پروگرام شروع کرنے کا اعلان

لاہور( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب نے سانحۂ کاہنہ کے بعد کمزور اور خستہ حال گھروں کو محفوظ بنانے کے لیے "اپنا گھر، محفوظ گھر” پروگرام شروع کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بحران کے وقت صرف بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات ہی اچھی حکمرانی کا ثبوت ہوتے ہیں۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت "اپنی چھت، اپنا گھر” اور "اپنی زمین، اپنا گھر” منصوبوں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت اب تک ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد بے گھر خاندانوں کے لیے سود سے پاک آسان اقساط پر قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے، جبکہ ایک لاکھ 70 ہزار خاندانوں کو قرض فراہم بھی کیا جا چکا ہے۔ منصوبے کے لیے 217.8 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں، جبکہ پنجاب بھر میں ایک لاکھ 34 ہزار 343 گھر مکمل ہو چکے ہیں اور تقریباً 27 ہزار 500 گھر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔اجلاس میں "اپنا گھر، محفوظ گھر” پروگرام کے تحت دو نئی کیٹیگریز متعارف کرانے کی منظوری دی گئی۔ پہلی کیٹیگری کے تحت خستہ حال، بوسیدہ اور کمزور چھتوں والے گھروں کی مرمت اور محفوظ بنانے کے لیے پانچ لاکھ روپے تک مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ دوسری کیٹیگری کے تحت گھر میں نئی منزل یا اضافی فلور کی تعمیر کے لیے دس لاکھ روپے تک سود سے پاک آسان اقساط پر قرض دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ "اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کی نئی کیٹیگری تین روز کے اندر عوام کے لیے شروع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جن خاندانوں کے گھر مخدوش ہیں یا جن کی چھتیں کمزور ہو چکی ہیں، پنجاب حکومت ان کے گھروں کو محفوظ اور بہتر بنانے میں ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ غریب عوام پر کسی قسم کا اضافی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا اور قرض کے حصول کے ضوابط بھی مزید آسان بنائے جائیں گے۔اجلاس میں "اپنی زمین، اپنا گھر” پروگرام کے تحت 23 اضلاع میں دو ہزار بے گھر خاندانوں کو مفت پلاٹ دینے اور ان خاندانوں کو گھر کی تعمیر کے لیے آسان قرض فراہم کرنے کے فیصلے پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قرض کے حصول کا عمل پہلے سے زیادہ سہل بنایا جائے۔اجلاس کے دوران میں منعقدہ "پنجاب پاکستان پویلین” کی شاندار کامیابی پر مبنی رپورٹ اور خصوصی دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر” اور اس سے منسلک تمام منصوبے پنجاب حکومت کے فلیگ شپ پروگرام ہیں، جن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button