نواز شریف نے آزاد کشمیر اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے لیے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی منظوری دے دی

لاہور ( آصف اقبال ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے لیے پارٹی امیدواروں کے ناموں کی منظوری دے دی ہے۔پارلیمانی بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں نواز شریف نے اپنے دستخط سے پارٹی ٹکٹ جاری کر دیے۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے مریم زمان، مریم ادریس، سحرش قمر اور رفعت عابد کو پارٹی ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں۔اسی طرح بیرونِ ملک مقیم کشمیریوں کی مخصوص نشست کے لیے عبدالرحمان ولد محمد بشیر کو مسلم لیگ (ن) کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے لیے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو باضابطہ طور پر پارٹی ٹکٹ نواز شریف کے دستخط سے جاری کیے گئے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پارٹی نظم و ضبط کو برقرار رکھتے ہوئے انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لیں اور پارٹی پالیسی کے مطابق اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھیں۔



