بانی پی ٹی آئی کی شفا انٹرنیشنل منتقلی کا حکم واپس لینے کی درخواست، وفاقی حکومت سپریم کورٹ پہنچ گئی

اسلام آباد ( آصف اقبال ) وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے 18 اگست کے عبوری حکم پر نظرِثانی کی درخواست دائر کر دی۔چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے توسط سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کا 18 اگست کا عبوری حکم اختیارِ سماعت سے تجاوز کرتا ہے، لہٰذا اس پر نظرِثانی کی ضرورت ہے۔درخواست کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو 5 اگست 2023 کو ایڈیشنل سیشن جج نے تین سال قید کی سزا سنائی تھی، جس کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی گئی۔ دورانِ سماعت بانی پی ٹی آئی نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 561-A کے تحت علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیے جانے کی استدعا کی، تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے 12 مارچ 2026 کو درخواست مسترد کر دی، جس کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا۔وفاقی حکومت نے اپنی نظرِثانی درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ بعض حالات میں کسی قیدی کو جیل سے باہر علاج کے لیے منتقل کرنے کے لیے حکومت کی منظوری اور انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات کے ذریعے باقاعدہ کارروائی ضروری ہوتی ہے، جبکہ ہسپتال منتقل کیے جانے والے قیدی کی پولیس نگرانی بھی قانون کے مطابق لازم ہے۔درخواست میں پاکستان پریزن رولز 1978 کے رول 197 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قیدی کو جیل سے باہر ہسپتال منتقل کرنے کا طریقہ کار قانون میں واضح طور پر موجود ہے اور اس کے لیے مقررہ قانونی تقاضے پورے کرنا ضروری ہیں۔وفاقی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 10-A کا حوالہ دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ہر شخص کو منصفانہ ٹرائل اور قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کا حق حاصل ہے۔ درخواست کے مطابق یہ معاملہ پہلی مرتبہ سپریم کورٹ کے سامنے مقرر ہوا اور متعلقہ فریقین کو باقاعدہ نوٹس بھی جاری نہیں کیا گیا۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ جیل میں باقاعدگی سے ہوتا رہا ہے اور میڈیکل بورڈ متعدد مرتبہ ان کا معائنہ اور علاج کر چکا ہے۔وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ عدالت کو بانی پی ٹی آئی کی صحت کی صورتحال کے بارے میں فیصلہ کرنے سے قبل طبی ماہرین کی رائے حاصل کرنی چاہیے تھی تاکہ یہ تعین کیا جا سکے کہ آیا ان کی صحت واقعی ایسی صورتحال سے دوچار ہے جس کے لیے جیل سے باہر ہسپتال منتقل کرنا ضروری ہے یا نہیں۔وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ 18 اگست کا عبوری حکم واپس لیا جائے اور بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق ہدایت پر نظرِثانی کی جائے۔



