سوناکشی کی آن لائن ٹرولنگ، شتروگھن سنہا نے بی جے پی پر الزام لگادیا

بالی ووڈ کے سینئر اداکار اور سیاست دان شتروگھن سنہا نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی بیٹی سوناکشی سنہا کو سوشل میڈیا پر نشانہ بنانے والی ٹرولنگ کے پیچھے مبینہ طور پر بی جے پی کا آئی ٹی سیل موجود ہے۔سوناکشی سنہا حالیہ دنوں دہلی میں کاکروچ جنتا پارٹی کی قیادت میں ہونے والے طلبا احتجاج کی حمایت کرنے والی ابتدائی بالی ووڈ شخصیات میں شامل تھیں، جس کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید اور ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا۔شتروگھن سنہا، جو آل انڈیا ترینامول کانگریس (ٹی ایم سی) کے رکن بھی ہیں، نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں اپنی بیٹی کے سیاسی خیالات اور مستقبل میں سیاست میں ممکنہ انٹری کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف ہونے والی آن لائن مہم پر بھی بات کی۔80 سالہ اداکار نے دہلی کے طلبا احتجاج کی سوناکشی کی حمایت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بعض افراد نے سوال اٹھایا تھا کہ اگر انہوں نے دہلی میں احتجاج کی حمایت کی تو جھاڑکھنڈ کے طلبا کے معاملے پر ایسا کیوں نہیں کیا۔ شتروگھن سنہا نے اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ سوناکشی نے چند روز قبل جھاڑکھنڈ کے طلبا کی حمایت بھی کی تھی۔اپنی بیٹی کے سیاسی خیالات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ بعض معاملات میں سوناکشی کے نظریات ان سے بھی زیادہ مضبوط اور دوٹوک ہیں۔ تاہم جب ان سے سوناکشی کے مستقبل میں سیاست میں آنے کے امکانات کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔شتروگھن سنہا نے کہا کہ ماضی میں وہ اپنی بیٹی سے اس حوالے سے سوال کیا کرتے تھے، تاہم اب وہ صرف اتنا کہہ سکتے ہیں کہ سوناکشی ان کے لیے ایک قابلِ فخر بیٹی ہیں۔



