پاکستان میں گوگل کا دفتر قائم، نوجوانوں کے لیے آئی ٹی و اے آئی پروگرامز بڑھانے کا عزم

اسلام آباد: ( آصف اقبال ) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گوگل کے گورنمنٹ افیئرز اینڈ پبلک پالیسی کے نائب صدر ولسن وائٹ کی قیادت میں 9 رکنی وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی، آئی ٹی انفراسٹرکچر، مصنوعی ذہانت اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی ناظم الامور نٹالی بیکر بھی گوگل کے وفد کے ہمراہ موجود تھیں۔
وزیراعظم نے گوگل کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں حکومتی امور اور معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے حکومت کے ’’ڈیجیٹل نیشن پاکستان‘‘ وژن سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی تشکیل کے لیے متعدد اقدامات حتمی مراحل میں ہیں۔
شہباز شریف نے آئی ٹی انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا اور نوجوانوں کو آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کی تربیت دینے کے لیے جاری پروگراموں پر بھی وفد کو بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے گوگل جیسی عالمی ٹیکنالوجی کمپنی کے ساتھ شراکت داری انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے پاکستان میں دفتر کھولنے کے گوگل کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں کے درمیان شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔
انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ڈیجیٹل شعبے میں ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں گوگل کے کردار کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ کمپنی نوجوانوں کی مہارتوں میں اضافے اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے اپنے پروگراموں کو مزید وسعت دے گی۔
گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ نے وزیراعظم کو کمپنی کے مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مقامی دفتر کا قیام ملک میں ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے گوگل کے عزم کو مزید مضبوط کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ گوگل موجودہ شراکت داری کو بنیاد بناتے ہوئے پاکستانی نوجوانوں کے لیے طویل مدتی مواقع پیدا کرنے اور مقامی کاروباروں کو عالمی منڈیوں تک رسائی دلانے میں مدد فراہم کرے گا۔
ولسن وائٹ نے مقامی شراکت داروں کے تعاون سے پاکستان میں قائم کی گئی کروم بک اسمبلی لائن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اسمبل ہونے والی کروم بکس کو خطے کے دیگر ممالک کو برآمد کرنے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گوگل پاکستان کی نوجوان آبادی کی صلاحیتوں سے بخوبی آگاہ ہے اور آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، گیمنگ اور دیگر شعبوں میں مہارت بڑھانے کے پروگراموں کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف، ولسن وائٹ، امریکی سفارتخانے کی ناظم الامور نٹالی بیکر اور دیگر معززین نے پاکستان میں گوگل کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر یادگاری تختی کی نقاب کشائی بھی کی۔



